پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل جانے والوں کےخلاف تحقیقات کی جائیں ، طاہر اشرفی سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ، پی این پی نیوز ایچ ڈی) 201

پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل جانے والوں کےخلاف تحقیقات کی جائیں ، طاہر اشرفی

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ، پی این پی نیوز ایچ ڈی)

پاکستان کا فلسطین پر موقف واضح ہے، اسرائیلی صدر سے ملنے والا وفد پاکستانی عوام اور ریاست کا نمائندہ نہیں تھا، وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل جانے والوں کےخلاف تحقیقات کی جائیں کہ وہ کس کی اجازت سے گئے تھے اور جو بھی اس میں ملوث ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے.
اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کی توہین اور فلسطینیوں پر مظالم کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس کے خاتمے کا وقت قریب ہے ، اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کو فوری طور پر الاقصیٰ کی توہین پر ایکشن لینا ہو گا.
یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا اسعد زکری قاسمی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا سعد اللہ شفیق ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ طاہر الحسن ، علامہ پیر زبیر عابد، مولانا عبد الحکیم اطہر اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی.
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نام پر اسرائیل جانے والے وفد نے پاکستان کے عالم اسلام کے تشخص کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ، پاکستان کی ریاست اور عوام اہل فلسطین کے ساتھ ہیں، پاکستان اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کر سکتا، کشمیر اور فلسطین عالم اسلام کے وہ مسائل ہیں جن کے حل کے بغیر دنیا میں امن و استحکام کبھی نہیں ہو سکتا،
رہنماﺅں نے کہا کہ الاقصیٰ میں یہودی آبادکاروں کو عبادت کے لیے جبراً داخل کر کے اسرائیلی حکومت نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کی قراردادوں اور فیصلوں کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے موجودہ الاقصیٰ کی صورتحال پر مشاورت شروع کر رکھی ہے۔ کل پاکستان علماءکونسل کا وفد فلسطینی سفارتخانہ جائے گا اور فلسطینی سفیر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں